اومی کرون کی دہشت ‘ ضرورت پر رات کا کرفیو لگایا جائے

   

تقاریب و آخری رسومات میں تعداد پر پابندی کی بھی تجویز ‘ مرکز کا ریاستوں کو مکتوب
حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک میں کرونا کیسوں میں اضافہ اور کورونا کی نئی شکل اومی کرون کی دہشت کے پیش نظر مرکزی حکومت نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کورونا وباء پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی اور کا کہ ضرورت پڑنے پر رات کا کرفیو بھی نافذ کیا جانا چاہئے ۔ ملک میں اومی کرون کے کیسوں کی تعداد 30 سے تجاوز ہوچکی ہے جس پر مرکز چوکس ہوگئی ہے اور تمام ریاستوں کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے چوکسی اختیار کرنے ‘ کسی طرح کی غفلت اور لا پرواہی سے کام نہ لینے کا مشورہ دیا ۔ مرکزی محکمہ صحت کے سکریٹری راجیش بھوشن نے ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مشورہ دیا کہ جن ریاستوں میں کورونا کے کیسوں میںاضافہ ہو رہا ہے وہاں پر تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ ملک کی 10 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 27 اضلاع میں گذشتہ دو ہفتوں سے کورونا کیسوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ ان پر خاص توجہ دینے کا مشورہد یا گیا ہے ۔ بالخصوص کیرالا ‘ میزورم اور سکم جیسی ریاستوں کے 8 اضلاع میں کورونا مثبت شرح 10 فیصد سے زیادہ درج ہو رہی ہے ۔ مابقی 7 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے 19 اضلاع میں کورونا کی مثبت شحر 5 تا 10 فیصد کے درمیان ہے ۔ راجیش بھوشن نے چیف سکریٹریز کو مشورہ دیا کہ جن اضلاع میں کورونا کی مثبت شرح زیادہ ہے وہاں کے مقامی انتظامیہ فوری چوکسی اختیار کریں۔ ان علاقوں میں معائنوں اور ٹیکہ اندازی کے پروگرام میں تیزی اور شدت پیدا کی جائے ۔ کنٹینمنٹ زونس کا قیام عمل میں لایا جائے اور ضرورت پڑنے پر رات کا کرفیو بھی نافذ کیا جائے ۔ شادی بیاہ و دیگر تقاریب اور آخری رقومات میں بھی عوام کی تعداد محدود کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ن