اونچی ایڑی کی جوتیاں اور پیروں کی حفاظت

   

اکثر نوجوان لڑکیاں اور خواتین اونچی ہیل کے سینڈلز پسند کرتی ہیں اور بہت سی ملازمت پیشہ خواتین روزانہ ہی اونچی ہیل کے سینڈلز کا استعمال کرتی ہیں۔سارا دن گزارنے کے بعد شام یا رات کو پاؤں سوج جاتے ہیں اور ان میں درد ہونے لگتا ہے۔ اونچی ایڑی کی جوتیوں کا مستقل استعمال پاؤں کے پٹھوں اور کمر کیلئے بہت زیادہ نقصان دہ ہے۔ساتھ ہی ان کے مسلسل استعمال سے آپ کا پاؤں بھی تکلیف میں رہتا ہے۔ اونچی ایڑی کی جوتیوں کا استعمال کرتے ہوئے بہت احتیاط سے کام لیں۔سارے دن کے بعد جب آپ گھر آ کر انہیں اتاریں تو نیم گرم پانی میں نمک ملا کر اپنے پاؤں 15سے20 منٹ کیلئے ڈال کر بیٹھ جائیں۔ اس طرح آپ کے پاؤں کا درد نکل جائے گا اور پاؤں کے پٹھوں کو آرام بھی ملے گا۔اس کے بعد تیل سے اپنے پاؤں کا نرمی سے مساج کریں تاکہ پاؤں کو مزید آرام ملے۔ پیروں کو مزید آرام پہنچانے کیلئے ایسے فیس پیک کو بطور فیٹ پیک (Feet Pack) استعمال کریں جس کے ذریعے آپ اپنے چہرے کے پٹھوںکو آرام پہنچاتی ہیں۔اس میں تازہ پھل اور ان کا رس شامل ہو جیسے لوکی کا فیٹ پیک۔اس کے علاوہ گھر میں نرم‘آرام دہ اور فلیٹ سیلپر کا استعمال کریں۔رات کو سوتے وقت چاہیں تو اپنی پنڈلیوں کے نیچے کشن یا تکیہ رکھ کر سوئیں۔اس طرح بھی رات بھر پاؤں سکون میں رہیں گے۔یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اونچے ہیلز کی سینڈلز اکثر کارپوریٹ کمپنیوں میں کام کرنے والی خاتون سیکریٹریز استعمال کرتی ہیں جنہیں کمپنی میں آنے والے غیر ملکی Clientsکو مرعوب کرنے کیلئے بھی ایسا کرنا پڑتا ہے ۔ اونچی ایڑی سینڈلز کے ساتھ آپ نے یہ بات ضرور نوٹ کی ہوگی کہ وہ کوٹ اور پینٹ بھی پہنتی ہیں اس کے علاوہ اسکرٹ پہننے والی خواتین بھی ان سینڈلز کا استعمال کرتی ہیں جو ز یادہ سے زیادہ انہیں آٹھ گھنٹے پہننا پڑتا ہے اور ان کا زیادہ تر وقت دفتر کے ایرکنڈیشنڈ ماحول میں ہی گزرتا ہے اس کے باوجود بھی اوپر ذکر کئے گئے احتیاطی عمل کو بروئے کار لانے کیلئے وہ ہمیشہ چوکس رہتی ہیں۔