حیدرآباد۔ 12 (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیت سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے لئے حکومت کی جانب سے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 20 لاکھ روپے کی امداد دی جاتی ہے۔ گزشتہ برسوں سے طلبہ کی تعداد میں اضافے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے جاری سال سے بی سی طلبہ کی تعداد کو دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہر سال مہاتما جیوتی باپھولے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 300 بی سی طلبہ کو تعلیمی امداد دی جاتی ہے لیکن جاریہ سال سے 600 بی سی طلبہ کو امداد کی فراہمی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے سبب جاریہ سال مارچ میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل نہیں کیا جاسکا۔ اب جبکہ بی سی ویلفیر ڈپارٹمنٹ نے طلبہ کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ایسے میں ایس سی، ایس ٹی اور اقلیتی طبقات کے طلبہ کی تعداد میں اضافہ کیا جانا چاہئے تاکہ تمام طبقات کے ساتھ یکساں طور پر انصاف کیا جاسکے۔ 1