اوٹکور قدیم تاریخی مقام، 9، 10 محرم کو جلوس علم مبارک

   

ہزاروں عقیدت مند شریک ہوتے ہیں، پولیس کے وسیع انتظامات، گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھنے کی اپیل
اوٹکور ۔ 4 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر محبوب نگر سے 75 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع اوٹکور کی تاریخ بہت ہی قدیم ہے اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے جہاں ابراہیم قطب شاہی کے دور کے قدیم قلعے جس میں قدیم قلعہ گڑھی ہے اور آج بھی تاریخی شاہی مسجد عادل شاہی ہے جہاں پنج وقتہ نمازوں کا اہتمام کیا جارہا ہے، قلعہ میں واقع گڑھی کی سطح اراضی پر چند عمارتیں گودام کے نام سے مشہور ہیں جو اب خستہ و منہدم بھی ہوچکی ہیں۔ مگر قابل دید ہیں، اس گڑھی میں وسیع و عریض دروازہ فصیل کے بیچ میں ہے۔ جو (باب الداخلہ) کہلاتا ہے۔ اس دروازہ کے فصیل کے اندر سیدنا امام حسنؓ اور حسین ؓ سواری علم مبارک اندر داخل ہوتے ہیں، روشن ساگر بڑا تالاب قلعہ کی پہاڑی بلندی پر وسیع و عریض میدان میں درگاہ اقدس حضرت سیدنا روشن علی بابا ؒ کے قریب پشتہ دیوار تالاب کے چبوترے دو بڑے پتھروں پر نہایت ہی قدیم دور کے ہیں جن پر حضرت امام حسن ؓ و حسین ؓ کے پنجہ تحریر کنندہ ہے جو قدیم اور تاریخی دور کے ہیں۔ قدیم الاوہ عاشور خانہ محلہ بڑے پیر میں یکم محرم الحرام کو ایستادہ کئے جاتے ہیں عاشور خانے بڑے پیر کے بعض کمرہ جات کے قفل اور صندوق بہت قدیم اور کلاں ہونے کی وجہ دیکھنے کے لائق ہیں۔ 9 ویں محرم اور 10 ویں محرم کو عقیدت مندوں کا ہجوم رہتا ہے۔ عاشور خانہ میں علم مبارک بہت قدیم ہیں جو کہ پنج رنگی نہایت قیمتی دھات سے تیار کئے گئے ہیں۔ 7، 9 اور 10 ویں محرم کو سوارری علم مبارک امام حسن و حسین کا جلوس ہزاروں عقیدت مندوں اور پولیس کی بھاری جمعیت کے موجودگی میں اختتام پذیر ہوگا۔ اس تاریخی سواری علم کے مشاہدہ کے لئے مہاراشٹرا، کرناٹک، ممبئی، گجرات، آندھرا پردیش کے علاوہ دیگر پڑوسی ریاستوں سے بھی زائرین کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ جناب رضا علی اقبال مرحوم کی قیادت میں ان کی قیام گاہ نزد نل باولی پولیس اسٹیشن بمقام اوٹکور میں ہر سال محرم کو مجالس عزا کا جوش و خروش سے اہتمام کیا جاتا تھا۔ سی آئی مکتھل، رام لال نے سیاست نیوز کو بتایا کہ اوٹکور میں تاریخی علم جلوس کے لئے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ حساس مقامات پر پولیس کی چوکسی کے لئے ضلع کلکٹر اور ضلع ایس پی نارائن پیٹ کی جانب سے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اس محرم کی اہمیت کے پیش نظر نارائن پیٹ پولیس کے علاوہ محبوب نگر ، ناگرکرنول، ونپرتی کے علاوہ دیگر مقامات سے پولیس دستہ کی تعیناتی کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محرم کے جلوس کو پرامن طریقہ سے منائیں اور گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھیں۔