اوٹکور میں بکریوں کے مالکین کو 500روپئے کا جرمانہ

   

شجرکاری کے پودوں کوکھانے کا شاخسانہ، ایم پی ڈی او کی کارروائی

اوٹکور۔/18 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اوٹکور میں شجر کاری کی مہم تیزی سے جاری ہے ۔ اوٹکور منڈل میں ہزاروں پودے لگائے جارہے ہیں مگر آج اوٹکور میں عجیب واقعہ پیش آیا۔شجرکاری کئے ہوئے پودے بکریاں کھانے پر منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر مسٹر جئے شنکر کی ہدایت پر اوٹکور گرام پنچایت سکریٹری مسٹر جان نے 15 بکریوں کو پکڑ کر گرام پنچایت کی تحویل میں رکھ دیا کیونکہ ان بکریوں نے شجرکاری کے پودوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان بکریوں کے مالکین کو ہدایت کرتے ہوئے فی بکری 500 روپئے جرمانہ حاصل کرکے ان بکریوں کو چھوڑا جارہا ہے۔ مسٹر جان گرام پنچایت سکریٹری نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اب تک 15 بکریوں کو پکڑا گیا ہے جس میں سے 6بکریوں کو فی بکری 500 روپئے جرمانہ کے ساتھ چھوڑا جارہا ہے۔اس موقع پر اے پی او جیما، فیلڈ اسسٹنٹ واجد، گرام پنچایت عملہ نارائنا ، پولپا، نکپا اور حسن موجود تھے۔