خالی آکسیجن ٹرک کی روانگی، آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت کے اقدامات
حیدرآباد: ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے پس منظر میں حکومت نے آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کیلئے اوڈیشہ سے آکسیجن حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت نے فوج کے کارگو طیارے کے ذریعہ آکسیجن کے خالی ٹرکس کو اڈیشہ منتقل کیا ہے۔ ملک میں پہلی مرتبہ کسی حکومت نے آکسیجن کے حصول کیلئے خالی ٹرکس کو فوجی طیاروں کے ذریعہ روانہ کرنے کا منفرد قدم اٹھایا ہے۔ وزیر صحت ای راجندر اور چیف سکریٹری سومیش کمار نے بیگم پیٹ ایرپورٹ پر فوجی کارگو ایر کرافٹ میں خالی آکسیجن ٹرک کی لوڈنگ کا مشاہدہ کیا ۔ یہ کارگو یہ ایرکرافٹ اوڈیشہ میں تلنگانہ کے خالی آکسیجن ٹرکس کو پہنچائے گا ، جہاں ٹاٹا اسٹیل پلانٹ کالنگا نگر میں آکسیجن کی فیلنگ کی جائے گی اور فوری طیارے کے ذریعہ یہ ٹرک دوبارہ حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر فوج کے طیارہ کی خدمات حاصل کی گئی ہے۔ طیارہ کے ذریعہ آکسیجن ٹرکس کی منتقلی سے وقت کی بچت ہوگی۔ اوڈیشہ کے پلانٹس سے لکوڈ آکسیجن تلنگانہ منتقل کرتے ہوئے آکسیجن کی قلت کو دور کیا جائے گا ۔ انڈین ایر فورس کے دو C-17 طیاروں کو ونگ کمانڈر چتنیہ اور ونگ کمانڈر نجہاون چلا رہے ہیں۔ طیارے کے ذریعہ ٹینکرس کی روانگی سے تین دن کا وقت بچ سکتا ہے اور تلنگانہ کو آکسیجن کی بروقت سربراہی کی صورت میں کورونا مریضوں کو راحت ہوگی۔ اس موقع پر اسپیشل چیف سکریٹری سنیل شرما ، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی ، سرفراز احمد ، ڈاکٹر پریتی مینا اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔