ریاست میں بیروزگاری کی شرح ملک میں سب سے زیادہ
بھونیشور: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے چہارشنبہ کو مرکز کی بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے ساتھ ہی اوڈیشہ میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعلیٰ نوین سنگھ پٹنائک کی شراکت والی حکومت چل رہی ہے ۔اوڈیشہ میں اپنی بھارت جوڈو نیائے یاترا کے دوسرے دن رورکیلا کے مضافات پنپوش چک کے قریب اپنے روڈ شو کے دوران ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ کانگریس آنے والے انتخابات میں بی جے پی اور بی جے ڈی دونوں پارٹیوں سے لڑے گی۔انہوں نے ریاست کی نوین پٹنائک حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بے روزگاری کی شرح ملک میں سب سے زیادہ ہے اور ریاست کے 30 لاکھ سے زیادہ لوگ کام کیلئے دوسری ریاستوں میں جا چکے ہیں۔ دوسری طرف باہر کے 30 کروڑ پتی تاجر ریاست کو لوٹ رہے ہیں۔ ریاستی حکومت قبائلیوں، دلتوں اور خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے مظالم کو روکنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔ گاندھی نے کہا کہ ان کی بھارت جوڑو یاترا بی جے پی-آر ایس ایس اتحاد کے ذریعہ ملک میں پھیلائی جارہی نفرت کے خلاف تھی اور بھارت جوڑو نیائے یاترا سماج میں ناانصافی کے خلاف۔ انہوں نے کہا، ‘‘میں ریاست کے لوگوں کی بات سننے کیلئے اوڈیشہ آیا ہوں، جس کیلئے میں نے دن میں سات گھنٹے مختص کیے ہیں۔’’ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں آنے کیلئے اوڈیشہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ نے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھول دی ہے ۔
