بھونیشور، 27 جولائی (یو این آئی) اوڈیشہ پولیس نے بھونیشور میونسپل کارپوریشن میں بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے ایک کونسلر کو گرفتار کیا ہے ۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے شادی کے بہانے 19 سالہ لڑکی کا جنسی استحصال کیا اور اس کے نابالغ ہونے کے دوران اسقاط حمل پر مجبور کیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کونسلر امریش جینا کو بالاسور ضلع کے نیلگیری علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔متا ثرہ نے پانچ دنوں قبل اس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی تبھی سے وہ فرار تھا۔ جینا کو بی جے ڈی میں ایک مقبول چہرہ اور بھونیشور شہر میں پارٹی کا بااثر لیڈر سمجھا جاتا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ جینا کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، ٹیم نے نیل گیری میں اس کے ٹھکانے کا پتہ لگایا اور آج علی الصبح تلاشی مہم کے دوران اسے گرفتار کیا۔دریں اثنا عصمت دری کیس میں گرفتاری کے بعد جینا کو بی جے ڈی سے معطل کر دیا گیا ہے ۔