برہم پور ( اوڈیشہ ) ۔ یکم نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اوڈیشہ کے گنجام ضلع میں 20 سے زائد خاندانوں کو راشن فراہم نہیں کیا گیا ہے کیونکہ پنچایت ادارہ نے کھلے میں رفع حاجت کرنے والوں کو سرکاری مراعات سے محروم کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایک پنچایت اجلاس میں 20 اکٹوبر کو یہ فیصلہ کیا گیا تھا ۔ اس کے تحت پی ڈی ایس کے تحت راشن کی تقسیم 20 خاندانوں کیلئے روک دی گئی ہے ۔ گذشتہ 11 دن میں انہیں کوئی راشن نہیں دیا گیا ہے ۔ گوتمی پنچایت کے سرپنچ سشانت سوائین نے یہ بات بتائی ۔ تاہم گنجام کے ضلع کلکٹر وجئے امروتا کوناگے نے کہا کہ نیشنل فوڈ سکیوریٹی ایکٹ اور ریاستی فوڈ سکیوریٹی ایکٹ کے فوائد سے کسی بھی فرد کو محروم نہیں کیا جانا چاہئے ۔ سرپنچ سوائین نے کہا کہ اگر کوئی کھلے میں رفع حاجت کرتا پایا گیا تو ڈیلرس کو ہدایت دی جائیگی کہ انہیں راشن کی تقسیم روک دی جائے ۔