جملہ امیدواروں کے مقابلے میں 39 فیصدکروڑپتی امیدوار
بھوبنیشور 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چار لوک سبھا سیٹوں کے لئے مقابلہ کرنے والے کم سے کم 10 امیدوار جو اوڈیشہ کے غریبی زون سے مقابلہ کررہے ہیں، کروڑپتی ہیں۔ ان حلقوں کے انتخابات 11 اپریل کو پہلے مرحلہ میں منعقد کئے جائیں گے۔ کوراپوٹ، سہارنگ پور اور کلاہنڈا کا علاقہ غربت کے لئے کافی بدنام ہے۔ لوک سبھا کی اوڈیشہ کی 26 نشستوں پر مقابلہ کرنے والے امیدواروں میں سے 10 امیدوار کروڑپتی ہیں۔ یہ بات ان امیدواروں کی جانب سے داخل کردہ حلفنامہ میں بتائی گئی۔ کروڑپتی امیدواروں کا اوسط جملہ امیدواروں کے مقابلے میں 39 فیصد ہے۔ اوڈیشہ الیکشن واچ کے رابطہ عہدیدار کمار مہنتی نے یہ بات بتائی۔ 10 کروڑپتی امیدواروں میں سے تین کا تعلق بی جے ڈی اور کانگریس سے ہے جبکہ ایک آزاد امیدوار بھی کروڑپتی ہے۔ برتھاپور لوک سبھا حلقہ کے کانگریس امیدوار چندرشیکھر نائیڈو سب سے دولتمند امیدوار ہیں جن کے اثاثہ جات کی مالیت 66 کروڑ روپئے ہے۔ اس کے بعد بی جے پی امیدوار بلدبھدرا متھی 8 کروڑ کے اثاثہ جات کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔ جئے رام پنگی جو کورا پیٹ کے لوک سبھا حلقہ کے امیدوار ہیں ان کے اثاثہ جات کی مالیت 4 کروڑ روپئے ہے۔
