اوڑی سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران زخمی ہلاک

   

سری نگر، 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پرہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں دس دن قبل زخمی ہونے والا شخص منگل کی رات کو سری نگر کے شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں دم توڑ بیٹھا۔یو این آئی کو موصولہ اطلاعات کے مطابق اوڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر 10مارچ کو ہندوستان اور پاکستان کی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والا شخص منگل کی رات کو میڈ یکل انسٹی چیوٹ سری نگر میں دم توڑ بیٹھا۔مہلوک کی شناخت ریاض احمد کھٹانہ ولد صدرالدین کھٹانہ ساکن باٹر کنڈی بارجالہ کمل کوٹ کے بطور ہوئی ہے ۔بتادیں کہ اوڑی سیکٹر میں ایل او سی پر 10 مارچ کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان گولہ باری کے تبادلہ میں ریاض کھٹانہ سمیت چار افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے دو کو علاج ومعالجے کے لئے سری نگر منتقل کیا گیا تھا جبکہ دو کا علاج مقامی ہسپتال میں ہی کیا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ پلوامہ خودکش دھماکے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پر کشیدگی بڑھ گئی ہے ۔قبل ازیں جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر سی آر پی ایف کے 74گاڑیوں کے قافلے پر بھی حملہ کیا گیا تھا جس میں 40 سی آر پی ایف فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔جس پر ملک گیر سطح پر برہمی کی لہر دوڑ گئی تھی۔