عمل آوری میں امریکہ سے تعاون نہ کرنے رُکن ممالک سے درخواست
جدہ ۔ 3 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)آرگنائزیشن آف اسلامک کوآپریشن ( او آئی سی ) نے بھی مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے منصوبہ کو آج مسترد کردیا اور کہا کہ اس پر عمل آوری میں آرگنائزیشن کے (57) ارکان ممالک کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جائے گا ۔ او آئی سی دنیا بھر میں 1.5 بلین مسلمانوں کی نمائندگی کرتی ہے ۔ اس کا کہنا ہے کہ امریکہ ۔ اسرائیل کا یہ منصوبہ فلسطینی عوام کی اقل ترین توقعات اور جائز حقوق کی تکمیل نہیں کرتا او آئی سی نے اپنے بیان میں کہاکہ یہ قیام امن کے عمل کی شرائط کے خلاف ہے۔ آرگنائزیشن نے رکن ممالک سے کہا کہ وہ اس منصوبہ سے متعلق کوئی معاملت نہ کریں اور نہ ہی کسی بھی صورت میں اس پر عمل آوری کی امریکہ انتظامیہ کی کوششوں میں تعاون کریں۔ مشرق وسطیٰ کے لئے ٹرمپ کے منصوبے کی تقریباً تمام مسلم ممالک کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے اور اس کے خلاف احتجاج جاری ہے ۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے اس کو فلسطینیوں کے مفادات کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبہ کے ذریعہ اسرائیل کو وہ سب کچھ دیا جارہا ہے جو وہ چاہتا ہے ۔ ایران نے بھی اس منصوبے کی شدید مخالفت کی ہے ۔ صدر فلسطین محمود عباس نے اس پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دھمکی دی کہ وہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ تمام تعلقات ختم کرلیں گے ۔