اَن لاک۔4 : اسکولوں کی 21 ستمبر سے دوبارہ کشادگی

,

   

ابتداء میں 9 تا 12 ویں کلاسس کیلئے تعلیم کا آغاز

نئی دہلی : وزارت صحت اور خاندانی بہبود نے 21 ستمبر سے 9 ویں تا 12 کلاس کیلئے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کی اجازت دے دی ہے ۔ وزارت نے کہا کہ ان کلاسوں کے طلبہ رضاکارانہ بنیاد پر اسکول آسکتے ہیں ۔ اسکولوں میں دوبدو تعلیم حاصل کرنے کا دوبارہ آغاز کیا جارہا ہے ۔ وزارت نے ان کلاسس کے انعقاد کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ حفاظتی اقدامات پر اسکولوں کو ہدایت دی گئی ہے۔ جاریہ کووڈ۔19 وباء کے دوران معیاری کارکردگی طریقہ کار ( ایس او پی) کے پیش نظر مرکز نے ان لاک۔4 کے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کی اجازت دی ہے ۔ یہ اسکولس کنٹونمنٹ زونس کے باہر کے علاقوں میں کھل جائیں گی۔ تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں نویں تا بارھویں کلاس کے طلبہ کو کووڈ۔19 سے مربوط گائیڈ لائینس پر عمل کرتے ہوئے اسکول جانے کی اجازت دی گئی ہے ۔ وزارت صحت نے اسکولوں کی کشادگی کا ٹوئیٹر پر اعلان کیا ۔ وزارت صحت و خاندان بہبود نے فیس ماسک لگانے، طلبہ کے درمیان 6 فٹ کی دوری برقرار رکھنے آروگیہ ستو اپلیکیشن نصب کرنے اور اسکولوں میں تھوکنے پر بھی پابندی کی گئی ہے۔ گائیڈ لائینس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسکولوں کی کشادگی کے بعد بھی آن لائین اور دوری برقرار رکھتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے کا عمل جاری رہے گا۔ طلبہ کی آن لائین تعلیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں نے کووڈ وباء کے دوران آن لائین پر ہی درس و تدریس عمل ہی جاری رکھا ہے۔

9 تا 12 ویں جماعت کے طلبہ کیلئے رضاکارانہ طور پر اسکولوں کی دوبارہ کشادگی کی اجازت دی گئی ہے اور کنٹونمنٹ زون میں رہنے والے طلبہ ، اساتذہ اور عملہ کے ارکان کو اسکول آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسکول کھولنے سے پہلے پورے علاقہ کو سینیٹائز کیا جائے گا ۔ طلبہ کی حاضری رضاکارانہ ہوگی۔ ٹیچرس سے رہنمائی حاصل کرنے کے بعد ہی اسکول آسکتے ہیں۔ آن لائین کلاسس بھی جاری رہیں گے۔ جو طلبہ اسکول میں حاضر ہونا چاہتے ہیں ، انہیں فیس ماسک پہننا لازمی ہوجائے گا۔ اسکولوں کے داخلہ کے تمام مقامات کو ہینڈ سینیٹائزرس رکھے جائیں گے اور تھرمل اسکریننگ کا بھی انتظام کیا جائے گا ۔ مارننگ اسمبلی، اسپورٹس اور دیگر سرگرمیوں کی اجازت نہیں ہوگی۔ طلبہ کا ایک جگہ جمع ہوجانا بھی ممنوع ہوگا۔