اُدھو ٹھاکرے’پارٹی چوروں‘ کو سبق سکھانے کیلئے پُر عزم،ماتوشری کے باہر بال ٹھاکرے کے انداز میں جم غفیر سے خطاب

   

ممبئی: مرکزی الیکشن کمیشن کی جانب سے شیو سینا کا نام اور انتخابی نشان ’تیر کمان‘ حیرت انگیز طور پر ایکناتھ شندے گروپ دینے کے فیصلے بعد پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے پوری طرح سے فارم میں نظر آرہے ہیں۔ ان کے تیور اور ان کا انداز وہی پرانے شیو سینکوں جیسا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے مذکورہ فیصلے کے بعد باندرہ میں واقع اپنی رہائش گاہ ماتوشری میں پارٹی کے عہدیداروں کی میٹنگ طلب کی تھی جس میں انہوں نے حالات پر غور کیا۔ اس میٹنگ کے بعد انہوںنے اپنی رہائش گاہ کے باہر موجودہ پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں، مداحوں اور پارٹی لیڈروں سے کھلی کار پر چڑھ کر خطاب کیا۔ ان کے اس انداز نے آنجہانی بال ٹھاکرے کی یاد دلادی جو اسی طرح سے ماتوشری کے باہر اکثر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے تھے۔ ادھو ٹھاکرے نے ماتوشری کے باہر طاقت کا زبردست مظاہرہ کیا۔