اُدھو ٹھاکرے کی رہائش گاہ میں بھی برساتی پانی داخل

   

ممبئی ۔ 2 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی کی مجلس بلدیہ (بی ایم سی ) پر حکمرانی کرنے والی جماعت شیوسینا کے سربراہ اُدھو ٹھاکرے کو آج اُس وقت اُلجھن و پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ممبئی میں جاری بارش کا پانی خود اُنھیں کی رہائش گاہ میں داخل ہوگیااور رہائش گاہ کے روبرو سڑک جھیل کا منظر پیش کررہی تھی ۔ نیم مضافاتی باندرہ کی کلانگر کالونی میں واقع اُدھو ٹھاکرے کے بنگلے ’ماتوشری ‘ کی سڑک پر گھٹنوں سے اُونچا پانی جمع ہوچکا تھا ۔ آمدنی کے اعتبار سے ملک کی سب سے مالا مال مجلس بلدیہ براھن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) پر گزشتہ دو دہائیوں سے بال ٹھاکرے کی پارٹی شیوسینا کی حکمرانی ہے لیکن آج کی بارش نے خود اس پارٹی کے سربراہ کے گھر کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔