اُردو یونیورسٹی، ملک کی 20 سرفہرست مرکزی جامعات میں شامل

   

حیدرآباد،26 جولائی (یواین آئی) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے سارے ملک میں ہندوستانی زبان کی ایسی واحد جامعہ کا اعزاز حاصل کیا ہے جسے سرکردہ انگریزی جریدہ آؤٹ لک نے مرکزی جامعات کی ملک گیر رینکنگ میں 20 واں مقام عطا کیا ہے ۔ آؤٹ لک نے آئی کیئر ادارہ کے ساتھ مل کر ہندوستان کی سرکردہ مرکزی جامعات میں اساتذہ طلبہ تناسب، پی ایچ ڈی یافتہ اساتذہ کی تعداد، فی استادمقالات کی شرح، مقالوں میں پیش کردہ مقالوں کے حوالے ، اشتمالیت اور تنوع جیسے عوامل کی بنیاد پر یہ سروے کیا ہے جسے آؤٹ لک ویب سائٹ OutlookIndia.com پر 18/ جولائی کو جاری کیا گیا۔ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر نے ملک کی سرکردہ جامعات کی فہرست میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کی شمولیت کو اردو اور اردو ذریعہ تعلیم کے لیے فالِ نیک اور اعزاز سے تعبیر کیا ہے ۔ انہوں نے طلبہ، اساتذہ اور مانو برادری کے تمام ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس اعزاز نے مانو کے تئیں ہماری ذمہ داری مزید بڑھادی ہے ۔ اب ہمیں پہلے سے زیادہ خلوص، محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ 1998ء میں پارلیمنٹ میں قانون سازی کے ذریعہ وجود میں آنے والی اور مولانا ابوالکلام آزاد جیسی علمی اور عملی شخصیت سے منسوب قومی اردو یونیورسٹی نے اپنی عمدہ کارکردگی کے ذریعہ جہاں اردو ذریعہ تعلیم کی افادیت اور دیگر ذرائع تعلیم سے ہمسری ثابت کی ہے وہیں اس نے سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مختلف گوشوں سے ستائش بھی حاصل کی ہے ۔ بطور خاص اعلیٰ تعلیم کی تنقیح کے سرکاری ادارے نیشنل اکریڈیشن اینڈ اسسمنٹ کونسل نے اسے مسلسل دو مرتبہ اے گریڈ عطا کیا ہے ۔ یونیورسٹی سے فارغ طلبہ نے بین الاقوامی کمپنیوں اور سرکاری شعبوں میں روزگار حاصل کرتے ہوئے موجودہ زمانے میں روزگار سے اردو کے تعلق کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کابھی ازالہ کیا ہے ۔مانو نے حالیہ برسوں میں نظامت ترجمہ و اشاعت کے قیام کے ذریعہ اردو نصابی اور علمی کتابوں کی تیاری کا اہم اور بنیادی کام شروع کیا ہے ۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے بحیثیت وائس چانسلر جائزہ کے فوری بعد اس اہم کام کی جانب توجہ مبذول کرتے ہوئے یونیورسٹی کی ترجیح کا تعین کردیا۔ اسی طرح مانو نے چند ماہ پیشتر طلبہ کو امتحان کے نتیجے کے اعلان سے قبل جوابی بیاض دکھانے کی انقلابی روایت قائم کرتے ہوئے امتحانات میں شفافیت کی سمت ایک اہم قدم اٹھایا ہے ۔پرو وائس چانسلر پروفیسر ایوب خان اور ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار نے بھی اس اعزاز کے حصول پر مانو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مانو نے کمپیوٹر، حیاتیاتی اور طبعی سائنس، کمیونکیشن اور بزنس مینجمنٹ جیسے عصری مضامین میں پی ایچ ڈی کی سطح تک اردو میں تعلیم فراہم کرتے ہوئے ہندوستان میں اردو کے تابناک مستقبل کی نوید دی ہے ۔ سارے ملک سے اردو میڈیم میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمندوں کے لیے مانو اولین ترجیح بن گئی ہے ۔