اُگادی کے موقع پر فلمی شخصیتوں کو غدر کے نام سے ایوارڈ کی پیشکشی : بھٹی وکرامارکا

   

حیدرآباد 2 مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ فلموں میں نمایاں کارکردگی پر ہر سال انقلابی شاعر غدر کے نام سے ایوارڈ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ اُگادی سے غدر فلم ایوارڈ کی پیشکشی کا آغاز ہوگا۔ بھٹی وکرامارکا نے آج لال بہادر اسٹیڈیم میں تلنگانہ سنگیت ناٹک اکیڈیمی کی جانب سے شری بھکتا رام داس جینتی تقاریب میں حصہ لیا۔ ریاستی وزیر پنچایت راج سیتکا نے صدارت کی۔ بھٹی وکرامارکا کے علاوہ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر بھی تقریب میں شریک تھے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ فلم انڈسٹری میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر سال غدر کے نام سے ایوارڈ دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت تلگو فلم انڈسٹری کے مکمل حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فلم انڈسٹری کے علاوہ سماجی ڈرامہ تیار کرنے والوں کی بھی حکومت حوصلہ افزائی کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت نے ریاست میں کلچرل سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس حکومت کے برسر اقتدار آتے ہی فلم انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں فلم انڈسٹری میں بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق بی آر ایس حکومت نے فلم انڈسٹری کو نظرانداز کردیا تھا اور نندی ایوارڈس بھی پیش نہیں کئے گئے۔ 1