آئندہ لوک سبھا انتخابات تک ریموٹ ووٹنگ سسٹم متوقع

,

   

پائلٹ پراجیکٹ کا آئندہ 2 تا3 ماہ میں آغاز : چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ

نئی دہلی: چیف الیکشن کمشنرسنیل اروڑہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ ریموٹ ووٹنگ کا سسٹم 2024 کے لوک سبھا انتخابات تک شروع کیا جاسکتا ہے۔ سنیل اروڑہ نے ساتھ ہی کہا کہ پائلٹ پر اجکٹ آئندہ دو تاتین ماہ میں شروع ہوسکتا ہے۔ سنیل اروڑہ نے ایک تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اس سال کے آغاز میں آئی آئی ٹی مدراس، دیگر آئی آئی ٹی اور دیگر اہم اداروں کے نامور ٹیکنالوجسٹ کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ریموٹ ووٹنگ سسٹم کو مضبوط بنانے کے لئے ایک تحقیقی منصوبہ شروع کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ ماہ سے اس منصوبے کی تشکیل کے لئے ایک سرشار ٹیم سخت محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یہ عمل 2024 کے لوک سبھا انتخابات تک حتمی شکل اختیار کرے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلا پائلٹ پروجیکٹ اگلے دو سے تین ماہ میں شروع کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی نشاندہی ضروری ہے کہ اس منصوبے کا مقصد نہ تو انٹرنیٹ پر مبنی ووٹنگ ہے اور نہ ہی اس میں گھر سے ووٹنگ شامل ہے۔چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑہ نے کہا کہ آزادانہ، منصفانہ اورقابل اعتماد انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کیلئے ووٹ ڈالنے کی شفافیت اور رازداری ہمیشہ اہمیت کی حامل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن جلد ہی مختلف اختیارات پر غوروخوض کے بعد اس طرح کے ووٹنگ کے حتمی ماڈل کی تشکیل کرے گا۔ سنیل اروڑوہ نے کہا کہ اس میں کچھ طریقہ کار میں تبدیلیاں بھی آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور دیگر شراکت داروںکے ساتھ وسیع مشاورت ہوگی۔ پروجیکٹ میں شامل بلاک چین ٹکنالوجی کے بارے میں بتاتے ہوئے، سابق سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر سندیپ سکسینہ نے پہلے کہا تھا کہ بائیو میٹرک ڈیوائسز اور ویب کیمرہ کے ذریعہ سرشار انٹرنیٹ لائنوں پر وہائٹ لسٹیڈ آئی پی ڈیوائسز پر کنٹرول کرنے والے ماحول میں یہ دو طرفہ الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام ہے۔