آئندہ ماہ تلنگانہ میں تعلیمی پالیسی کا اعلان متوقع

   

Ferty9 Clinic

کل ماہرین کی کمیٹی کی تشکیل، ہائی اسکول اور کالجس کیلئے آن لائن کلاسیس کے انعقاد پر غور

حیدرآباد۔14جون(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے نئی تعلیمی پالیسی کا اعلان ماہ جولائی کے پہلے ہفتہ میں کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے محکمہ تعلیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاستی تعلیمی پالیسی کی تیاری کو یقینی بنائیں اور اس میں این سی ای آر ٹی اور ایس سی ای آر ٹی کے رہنمایانہ خطوط کے علاوہ ملک بھر کے سرکردہ تعلیمی ادار وںکی جانب سے اختیار کردہ حکمت عملی کا بھی جائزہ لیں ۔ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل نے جو اشارے دئیے ہیں ان کے مطابق جاریہ تعلیمی سال کے کیلینڈر کی تیاری کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے اور حکومت ای ۔لرننگ کے علاوہ آن لائن کلاسس کے نقائص کا جائزہ لے رہی ہے۔ محکمہ تعلیم نے ماہرین تعلیم کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا ہے اور 16جون کو اس سلسلہ میں ماہرین کی ایک کمیٹی کی تشکیل کے ذریعہ تعلیمی سال کے متعلق لائحہ عمل کی تیاری کو یقینی بنایا جائے گا ۔بتایاجاتا ہے کہ حکومت نے آن لائن کلاسس کے آغاز کے سلسلہ میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ تعلیم کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ آن لائن طرز تعلیم‘ ای۔لرننگ کے علاوہ اسکولوں کی کشادگی کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے ریاست تلنگانہ میں اختیار کی جانے والی تدابیر تیار کرلیں تاکہ مرکزی وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے جولائی کے پہلے یا دوسرے ہفتہ میں طلب کئے جانے والے مشادرتی اجلاس میں تلنگانہ کے ماہرین کی تجاویز موجود رہیں ۔ محکمہ تعلیم کے ذرائع نے بتایا کہ آن لائن تعلیم اور تربیت کے علاوہ ای ۔لرننگ کے سلسلہ میں جو اقدامات کئے جا رہے ہیں اسے محکمہ تعلیم کی کوئی منظوری حاصل نہیں ہے اسی لئے حکومت نے تمام امور کا جائزہ لیتے ہوئے ای۔لرننگ اور آن لائن کلاسس کو باقاعدہ بنانے پر غور کرنا شروع کردیا ہے لیکن ماہرین کی رائے ہے کہ پرائمری اور اپر پرائمری کے طلبہ کو ای۔لرننگ اور آن لائن کلاسس تجویز کئے جانے کا امکان نہیں ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے تعلیمی پالیسی کے اعلان کے متعلق بتایا جا رہاہے کہ ہائی اسکول کے کلاسس کے علاوہ کالجس میں آن لائن کلاسس کے انعقاد کی اجازت کی فراہمی پر غور کررہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی جانب سے تعلیمی سال برائے 2020-21 کے سلسلہ میںتیار کی جانے والی پالیسی کا جلد اعلان کردیا جائے گا ۔