وزیر اعظم نریندر مودی نے کورونا کے خلاف جنگ میں یوگ کو ایک اہم ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوگ ہمیں منفی سوچ سے تخلیقی صلاحیت کا راستہ دکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج جب ساری دنیا وبائی بیماری کا مقابلہ کررہی ہے ، تو یوگ امید کی کرن بنا ہوا ہے۔وزیر اعظم مودی پیر کو ورچوئل طریقے سے ساتویں یوم یوگ پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ اس سال کاموضوع’یوگ فار ویلنس‘ ہے ، جس میں جسمانی اور ذہنی تندرستی کے لئے یوگ پر عمل کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ یوگ کے ساتویں عالمی دن کے موقع پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے دو سالوں سے دنیا بھر اور ہندوستان میں کوئی بڑا عوامی پروگرام منعقد نہیں کیا گیا ہے ، اس کے باوجود لوگوں میں یوم یوگ کے لئے جوش کم نہیں ہوا ہے۔