آج ہند۔انگلینڈ پہلے ٹسٹ کا آغاز، ٹیم کا توازن کوہلی کیلئے چیلنج

   

ٹرینٹ برج:: ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل میں نیوزی لینڈ سے ملی شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم کے سامنے چہارشنبہ کو یہاں انگلینڈ خلاف شروع ہورہے پہلے کرکٹ ٹسٹ میں صحیح گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ہندوستان نے نیوزی لینڈ سے ملی شکست کے بعد انگلینڈ سے ایک پریکٹس میچ کی درخواست کی تھی اور یہ مشق میچ اسے مل بھی گیا تھا حالانکہ اس ٹور میچ میں باقاعدہ کپتان وراٹ کوہلی اور نائب کپتان اجنکیا رہانے مکمل طورپر فٹ نہ ہونے کی وجہ سے نہیں کھیل سکے تھے ۔ ٹیم کے دونوں چوٹی کے بیٹسمینوں کو پہلے ٹسٹ سے قبل مشق کی کمی کچھ پریشان کرسکتی ہے ۔ہندوستانی اوپنر مینک اگروال اپنے ہیلمیٹ میں گیند لگانے کی وجہ سے کنکشن کے شکار ہوئے اور پہلے ٹسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ مینک کے باہر ہونے سے لوکیش راہول کو آخری گیارہ کھلاڑیوں میں موقع ملنا کا پورا امکان ہے ۔ چسٹر لی اسٹریٹ میں کھیلے گئے ٹور میچ میں لوکیش راہول (101) نے کاونٹی سلیکٹ الیون کے خلاف پہلے دن شاندار سنچری بناکر پہلے کرکٹ ٹسٹ میچ میں جگہ بنانے کے لئے اپنا دعوی مضبوطی کے ساتھ پیش کیا تھا۔راہول مڈل آرڈر کے بیٹسمین ہیں لیکن آئی پی ایل میں وہ پنجاب کی ٹیم کی طرف سے کھیلتے ہوئے اوپننگ کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔ ٹیم راہول کو اوپننگ میں موقع دینے کے بارے میں سوچ سکتی ہے اور وہ روہت شرما کے ساتھ اوپننگ میں اترسکتے ہیں۔ راہول کو اس معاملہ میں نوجوان اوپنر پرتھی شا سے چیلنج مل سکتا ہے ۔ پرتھوی کو سری لنکا سے سیدھے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ چتیشور پجارا ورلڈ چمپئن شپ فائنل اور ٹورمیچ میں اپنے پورے رنگ میں نظر نہیں آئے تھے جو ہندوستانی ٹیم کے لئے کچھ تشویش کی بات ہے ۔ کوہلی اپنے باقاعدہ چوتھے نمبر پر اتریں گے ، کوہلی پر ہندوستانی بیٹنگ کی امیدوں کا دارومدار رہے گا۔ نائب کپتان رہانے کا نمبر کوہلی کے بعد رہے گا جبکہ نوجوان وکٹ کیپر رشبھ پنت کو چھٹے مقام پراتارا جائے گا۔ یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم انتظامیہ اس پہلے مقابلے میں اپنے دونوں اسپنروں آف اسپنر روی چندر ن اشون اور بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ کو اتارتا ہے یا پھر ان میں کسی ایک موقع دیتا ہے ۔ دونوں اسپنروں کو اتارنے کی صورت میں ہندوستان تین فاسٹ بولروںکے ساتھ اتر سکتا ہے ۔ ایشانت شرما، جسپریت بمراہ اور محمد سمیع تین مقامات کے دعویدار ہوں گے ۔ ایک اسپنر کے کھیلنے کی صورت میں ہندوستان چوتھے فاسٹ بولر کے ساتھ میدان سنبھال سکتا ہے ۔ چوتھے فاسٹ بولر کے لئے امیش یادو، محمد سراج اور شاردل ٹھاکر کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے ۔ بولروں کے درمیانتوازن بنانا ہندوستانی ٹیم کے سامنے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔ ہندوستان نے انگلینڈ سے 2018 میں پانچ میچوں کی سیریز 1-4سے گنوائی تھی جبکہ گھریلو سیریز میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی تھی ۔