نئی دہلی6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزارت قانون نے لوک سبھا کو مطلع کیاکہ الیکشن کمیشن نے آدھار کارڈ کو الیکشن فوٹو آئیڈنٹیٹی کارڈ سے مربوط کرنے کی تجویز پیش کی ہے تاکہ آزادانہ انتخابی عمل کی تیاری کی جاسکے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر قانون نے کہاکہ اِس معاملہ پر غور کیا جارہا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل ارونا، الیکشن کمشنر اشوک لاؤسا اور سنیل چندرا سکریٹری لیجسلیٹیو ڈپارٹمنٹ جی نارائنا راجو کے درمیان ایک اجلاس میں اِس تجویز پر غور کیا گیا اور انتخابات میں اصلاحات لانے کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اِس مسئلہ کا جائزہ لیا گیا کہ وہ آدھار کارڈ کو ووٹر آئی ڈی سے مربوط کیا جانا چاہئے۔ یہ ایک اچھا قدم ہوگا۔ اِس سے نہ صرف بوگس رائے دہی کو روکنے میں مدد ملے گی بلکہ آدھار سسٹم کے ذریعہ رائے دہندوں کو آسانی سے ووٹ ڈالنے میں مدد ملے گی۔ آدھار سسٹم کو الیکشن ڈیٹا سے مربوط کیا جانا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ اِس سے قبل آدھار کارڈ کو پیان کارڈ سے مربوط کرنے کی تجویز پر عمل کیا گیا تھا۔ اب الیکشن کمیشن کی اِس تجویز سے عوام کو آدھار کو ووٹر آئی ڈی سے مربوط کرنا ہوگا۔
