آر جے ڈی ۔ جے ڈی یو میں زوروں پر کشیدگی! تلخی مٹانے کیلئے اتحاد کی چھوٹی پارٹیوں نے کی بڑی پہل

   

پٹنہ: بہار میں برسراقتدار مہا گٹھ بندھن کی دو سب سے بڑی پارٹیوں جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے درمیان مبینہ تلخی کی خبروں کے درمیان اب اس اتحاد کی چھوٹی پارٹیوں نے بھی ایک کوآرڈینیشن کمیٹی کی جلد تشکیل کی مانگ تیز کردی ہے ۔ ریاست میں بی جے پی سے اقتدار چھیننے کے بعد بنائے گئے دو مہینے سے بھی کم پرانے اتحاد کی راہ ابھی سے پتھریلی نظر آنے لگی ہے ۔ دونوں بڑی پارٹیوں کے درمیان ناراضگی کی قیاس آرائی کو اس بات سے تقویت ملی جب آر جے ڈی کے ریاستی سربراہ جگدانند سنگھ نے کہا کہ نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو اگلے سال اپنے باس نتیش کمار کی جگہ لیں گے ۔ اس کے کچھ ہی دنوں بعد جگدانند سنگھ کے بیٹے سدھاکر سنگھ کو وزیر زراعت کے عہدہ سے استعفی دینا پڑا ۔ سدھاکر لگاتار اپنی ہی سرکار کو کٹگھرے میں کھڑا کررہے تھے ۔