آر ٹی سی بسوں میں وہیکل ٹرئیکنگ اینڈ پاسنجر انفارمیشن سسٹم کا منصوبہ

   

حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آر ٹی سی) کی بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین اب جلد ہی حقیقی وقت میں بس کے سفر کا وقت معلوم کرپائیں گے اور انھیں مفید انفارمیشن بھی حاصل ہوگی جیسے بس کی آمد اور روانگی کا وقت کارپوریشن کی جانب سے وہیکل ٹرئیکنگ اینڈ پاسنجر انفارمیشن سسٹم (VTPIS) لگانے اور ٹنڈرس طلب کرنے کا منصوبہ ہے جو اس کی بسوں کی تعداد میں تقریباً 42% کا احاطہ کرے گا۔ سرکاری دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس اقدام میں ابتداء میں کارپوریشن کی بسوں کی جملہ تعداد 9,728 میں 4,170 اسپیشل بسوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ اس ٹنڈر میں جسے حال میں جاری کیا گیا، خصوصی طور پر کہا گیا کہ 1,201 انٹرا ۔ سٹی اور 2,969 طویل فاصلاتی اور انٹر ۔ سٹی بسوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ 10,500 بسوں میں ضرورت پڑنے پر VTPIS انسٹالیشن کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کے مطابق ٹی ایس آر ٹی سی بسوں میں وی ٹی پی آئی ایس رکھنا مسافرین کے لئے سہولت اور آسانی پیدا کرنے والا اقدام ہے۔ بسوں کی روانگی اور آمد کا وقت اور بسوں کے موجودہ مقام کی نشاندہی سے مسافرین کا قیمتی وقت بچے گا یعنی مسافرین بہتر انداز میں سفر کا پروگرام بناپائیں گے اور اس سے انتظار کا وقت بھی کم ہوگا۔ کارپوریشن کو یہ اُمید بھی ہے کہ وی ٹی پی آئی ایس کے ذریعہ ملنے والی انفارمیشن کا استعمال کرتے ہوئے جو رپورٹس موصول ہوں گی اس سے کارکردگی میں کافی بہتری آئے گی۔ اس کے لئے ٹنڈرس جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ خواہشمند بڈرس نے وضاحت طلب کئے ہیں اور بعض تکنیکی اور مالیاتی پہلوؤں پر بھی اپنی فکرمندی ظاہر کی ہے۔ ٹکنیکل بڈس کی کشادگی 29 اکٹوبر کو ہونے والی تھی اسے 5 نومبر کے لئے ملتوی کیا گیا ہے۔