آر ٹی سی ملازمین کو آج سرورنگر میں جلسہ کی اجازت : ہائیکورٹ

   

حیدرآباد۔29 اکٹوبر(سیاست نیوز) آر ٹی سی ملازمین کو کو 30اکٹوبر کو سرورنگر میں جلسہ عام کے انعقاد کی تلنگانہ ہائی کورٹ نے اجازت دیدی ہے۔پولیس کی جانب سے ہڑتالی ملا زمین کو جلسہ کی اجازت منسوخ کئے جانے کے بعد تلنگانہ روڈ ٹرانسپورٹکارپوریشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے لنچ موشن داخل کیاتھا اور عدالت سے درخواست کی تھی کہ وہ جلسہ عام کی اجازت دے تاکہ ہڑتالی آرٹی سی ملازمین جو خودکشی کر رہے ہیں انہیں ایسا کرنے سے باز رکھنے حوصلہ افزائی کی جاسکے ۔ ملازمین نے عدالت میں داخل کردہ درخواست میں بتایا کہ اس جلسہ کے انعقاد کا مقصد آر ٹی سی ملازمین میں پیدا ہونے والی مایوسی کو دور کرنا ہے تاکہ وہ مایوسی کے عالم میں انتہائی اقدام نہ کریں۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے فوری بعد حکومت اور شہری پولیس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ آر ٹی سی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو جلسہ کے انعقاد کی اجازت فراہم کی جائے اور سرورنگر میں جلسہ کے انعقاد سے کوئی مسئلہ ہے تو شہر کے کسی بھی مقام پر جلسہ کرنے کی اجازت فراہم کی جائے۔ عدالت کی جانب سے جاری کردہ ان احکام کے بعد حکومت اور پولیس نے سرور نگر میں ہی آر ٹی سی ملازمین کو جلسہ کے انعقاد کی اجامت دیدی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس جلسہ عام میں ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شرکت کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کریں گے اور حکومت کے موقف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہڑتال کے دوران فوت ہونے والے ملازمین کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ پولیس کی جانب سے اس جلسہ میں شرکت سے سیاسی قائدین کو روکنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔