آر ٹی سی کے اچھے دن واپس لانے کیلئے ’’واستو ‘‘ کی تبدیلی

   


حیدرآباد ۔19 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ آر ٹی سی کو نقصانات سے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کیلئے حکومت کے علاوہ کارپوریشن کی جانب سے مساعی جاری ہے۔ معاشی بحران سے بچانے کیلئے یوں تو کئی اقدامات کئے گئے لیکن آخر کار کارپوریشن کے ذمہ داروں نے واستو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عہدیداروں کو یقین ہے کہ واستو کی تبدیلی سے کارپوریشن کے اچھے دن آئیں گے۔ جس طرح چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسی بھی کام کے آغاز کے سلسلہ میں واستو کا خیال رکھتے ہیں، اسی طرح آر ٹی سی حکام نے توہم پرستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس بھون کے باب الداخلہ کو واستو کے مطابق کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آرٹی سی چوراہے پر واقع بس بھون کا باب الداخلہ گزشتہ 17 برسوں سے برقرار ہے جو جنوب کی سمت ہے۔ حکام نے اسے تبدیل کرتے ہوئے شمال سے باب الداخلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور پرانے باب الداخلہ کو بند کردیا ۔ واضح رہے کہ آر ٹی سی 8200 کروڑ کے معاشی بحران کا شکار ہیں۔ واستو کے ماہرین نے عہدیداروں سے کہا ہے کہ اگر باب الداخلہ کو تبدیل کردیا گیا تو آمدنی میں اضافہ ہوگا اور آر ٹی سی خسارہ سے منافع بخش ادارہ میں تبدیل ہوجائے گی۔ آر ٹی سی کے موجود مینجنگ ڈائرکٹر سجنار نے خسارہ کو کم کرنے کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ آر ٹی سی کی جانب سے شروع کردہ کارگو سرویس سے کافی فائدہ ہوا ہے۔ باب الداخلہ کے واستو کو تبدیل کرنے کے فیصلہ سے آر ٹی سی کے اچھے دن کیا واقعی واپس ہوں گے ، اس کا اندازہ آئندہ چند ماہ میں ہوجائے گا۔ر