آسام کی صورتحال پر امیت شاہ سے بات چیت

   

این آر سی فہرست کی اشاعت کے بعد رونما ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال
نئی دہلی۔14 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر آسام سروانندا سونول نے آج مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے ریاست آسام سے متعلق مختلف مسائل اور لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے ساتھ 15 منٹ کی ملاقات کے دوران چیف منسٹر آسام نے نیشنل رجسٹر آف سٹیزنس (این آر سی) کی قطعی فہرست کی اجرائی کے بعد رونما ہونے والی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ یہ فہرست 31 جولائی کو جاری کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر آسام نے مزید کہا کہ ان کی یہ ملاقات خیرسگالی تھی۔ میں نے ملک کے وزیر داخلہ کی حیثیت سے منتخب ہونے پر ریاست کے عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کی ہے۔ این آر سی کی قطعی فہرست کے اشاعت کے بعد آسام میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بگڑنے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اسی لیے چیف منسٹر نے مرکزی وزیر داخلہ سے تبادلہ خیال کیا۔ سونول نے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے بھی آسام کے مسائل پر بات چیت کی۔