حکومت پر رافیل معاملت میں رشوت ستانی کا خوف طاری : راہول گاندھی
نئی دہلی 11 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کے ڈائرکٹر آلوک ورما کو عہدہ سے ہٹائے جانے پر کانگریس نے مودی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے کہاکہ تحقیقاتی ایجنسی کے سربراہ کو دوسری مرتبہ عہدہ سے ہٹایا جانا یہ ظاہر کردیا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی ’خود اپنے ہی جھوٹ کے قیدی‘ بن گئے ہیں کیوں کہ رافیل طیاروں کی معاملت میں مبینہ رشوت کے بارے میں ان کے ذہن پر حوف طاری ہے۔ اپوزیشن جماعت نے حکومت کے اس اقدام کو انصاف کی صریح خلاف ورزی قرار دیا اور الزام عائد کیاکہ وزیراعظم خود اپنی اور حکومت کی غلطیوں کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ سپریم کورٹ کی طرف سے آلوک ورما کو سی بی آئی کا ڈائرکٹر بحال کئے جانے کے بمشکل دو دن بعد وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت ایک اعلیٰ اختیاری کمیٹی نے رشوت ستانی اور فرائض کی انجام دہی میں غفلت کے الزام کے تحت عہدہ سے ہٹادیا تھا۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے الزام عائد کیاکہ سنٹرل ویجلنس کمیشن اُصولوں پر مفاہمت کرچکا ہے اور اپنی ساکھ و صداقت کھوچکا ہے۔