امراوتی کی ترقی پر جگن موقف واضح کریں، دارالحکومت کا معاملہ مرکز کے دائرۂ اختیار میں نہیں
حیدرآباد۔ 18 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے قومی ترجمان جی وی ایل نرسمہا رائو نے آندھراپردیش میں تین دارالحکومت قائم کرنے سے متعلق چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امراوتی کی ترقی کے بارے میں حکومت اپنا موقف واضح کرے۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جی وی ایل نرسمہا رائو نے کہا کہ دارالحکومتوں کے بارے میں جگن کے اعلان سے صورتحال کسی قدر واضح ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگن نے کمیٹی کی رپورٹ پر انحصار کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ اضافی دارالحکومتوں کے بارے میں کمیٹی کی رپورٹ ابھی باقی ہے۔ نرسمہا رائو نے کہا کہ کئی ممالک میں ریاستوں کا دارالحکومت ایک مقام پر اور ہائی کورٹ دوسرے شہر میں موجود ہے۔ کرنول میں ہائی کورٹ کے قیام کے لیے سابق میں بی جے پی مطالبہ کرچکی ہے لیکن سابق حکومتوں نے اسے قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کو صرف اسمبلی اور کونسل تک محدود کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ امراوتی میں بھاری سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ کیا اسے صرف اسمبلی اور کونسل کے حد تک محدود کیا جائے گا؟ انہوں نے امراوتی کی ترقی کے بارے میں حکومت سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں حیدرآباد کو ترقی دے کر اقتدار میں غیر مرکوز نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں سیمآندھرا علاقوں کا نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امراوتی کی اراضیات کے معاملے میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ اندرونی طور پر اراضی کے معاملات میں دھاندلیاں کی گئیں جن کی جانچ کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اراضیات کی حوالگی کا معاملہ مرکز کے تحت نہیں ہے جن کسانوں نے دارالحکومت کے لیے اراضی حوالے کی ہے، ان کے بارے میں حکومت کو موقف واضح کرنا چاہئے۔ کسی بھی ریاست کا دارالحکومت کہاں ہونا چاہئے، یہ معاملہ مرکز کے دائرۂ اختیار میں نہیں ہے۔ شیورام کرشنن کمیٹی کی سفارشات کو چندرا بابو نائیڈو حکومت نے نظرانداز کردیا تھا۔ جگن موہن ریڈی اس رپورٹ کی بعض تجاویز پر عمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقوں کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے دارالحکومتوں کا فیصلہ کرنا چاہئے۔ دارالحکومت عوام کی سہولت کے لیے ہو ناکہ سیاسی مقاصد کے تحت ہو۔ آندھراپردیش میں تشکیل حکومت کو چھ ماہ مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کمیٹی نے رپورٹ کب پیش کی؟ نرسمہا رائو نے کہا کہ اقتدار کو غیر مرکوز کرنے کا بی جے پی خیرمقدم کرتی ہے۔ یہ محض اعلان نہیں بلکہ ترقی کو بھی غیر مرکوز کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے عوام کو تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ بی جے پی ترجمان نے کہا کہ امراوتی میں جن کسانوں کی اراضی حاصل کی گئی انہیں کوئی نقصان نہ ہو اس بات کو یقینی بنانا جگن موہن ریڈی حکومت کی ذمہ داری ہے۔