رانچی: سی بی آئی نے جمعرات کے روز جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو اطلاع دی ہے کہ جولائی میں ایک آٹو رکشہ نے دھنباد کے ایڈیشنل ضلع جج اْتّم آنند کو دانستہ طور پر ٹکر ماری تھی، جس کے سبب ان کی جان چلی گئی تھی۔ ایجنسی نے کہا کہ معاملہ کی ہر زاویہ سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔مرکزی تفتیشی ایجنسی نے کہا کہ اب تک گرفتار کئے گئے دو ملزمین میں سے ایک پیشہ ور موبائل چور ہے۔ وہ نئی کہانیاں بنا کر سی بی آئی جانچ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ سی بی آئی نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے سامنے کہا کہ 20 سی بی آئی افسران کی ایک ٹیم معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ اب یہ واضح ہو چکا ہے کہ عدالت کے حاضر ڈیوٹی جج کو اس وقت دانستہ طور پر آٹو رکشہ سے ٹکر ماری گئی تھی، جب وہ صبح کی سیر کے لئے نکلے تھے۔ ہم معاملہ کے سازشیوں کا پتہ لگائیں گے۔جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے 16 ستمبر کو معاملہ کی سماعت کرتے ہوئے سی بی آئی جانچ پر ناراضگی ظاہر کی تھی۔