دوسری ریاستوں کیلئے تلنگانہ رول ماڈل ۔ یوم تاسیس تقریب سے کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد 2 جون ( سیاست نیوز ) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست اپنے وجود کے آٹھ برسوں میں تمام شعبہ جات میں مثالی ترقی کرتے ہوئے دوسری ریاستوں کیلئے رول ماڈل بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علیحدہ ریاست کی تشکیل سے قبل علاقہ تلنگانہ کی جو صورتحال تھی اس کا جائزہ لینے پر پتہ چلے گا کہ حالات بہت بدل گئے ہیں۔ انہوں نے یوم تاسیس تلنگانہ میں راجنا سرسلہ ضلع میں قومی پرچم لہرانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں صرف آٹھ برس کے وقفہ میں بہت اچھی ترقی ہوئی ہے ۔ گذشتہ 75 سال میں اتنی ترقی نہیں ہوئی تھی جتنی آٹھ برسوں میں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے علاوہ فی کس آمدنی بھی بڑھی ہے ۔ برقی سربراہی بہتر ہوئی ہے ۔ پینے کا پانی موثر ڈھنگ سے فراہم کیا جا رہا ہے ۔ آبپاشی شعبہ کیلئے صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔ عوامی فلاح و بہبود کی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ صنعت اور آئی ٹی شعبہ جات کی ترقی بھی بہتر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2014 سے 2019 کے درمیان 17.24 فیصد ترقی کے ساتھ تلنگانہ اول نمبر پر ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کسانوں کے مفادات کا تحفظ کرنے اور زراعت کو مزید نفع بخش بنانے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریتو بندھو اسکیم کا 2018 میںآغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک کسانوں کے اکاؤنٹس میں رقومات جمع کروائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی برادری کو یقینی آمدنی کیلئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیل کی فارمنگ کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی مرتبہ ریاستی حکومت نے ای ہیلت پروفائیل پروگرام شروع کیا ہے تاکہ ریاست کے عوام کی صحت کا تحفظ ہوسکے ۔ یہ پروگرام دو ضلعوں میں پائلٹ بنیادوں پر شروع کیا گیا اور عوام کی صحت سے متعلق پروفائیل تیار کئے گئے ۔