آپ بخار، سر درد، گلے کی سوزش میں مبتلا تو نہیں؟

,

   

نئی دہلی : کوئی بھی فرد جسے بخار ہو، سر درد ہو، وہ گلے کی سوزش سے دوچار ہو، اُسے سانس لینے میں دشواری ہو، بدن درد ہو، ذائقہ یا سونگھنے کی حِس سے عاری ہوجائے، نقاہت سے دوچار ہو یا پیچش میں مبتلا ہوجائے، اُسے کورونا وائرس یا کوویڈ ۔ 19 کا مشتبہ مریض سمجھا جانا چاہئے اور لازماً اُس کا ٹسٹ کرایا جائے۔ یہ ہدایت مرکزی حکومت نے آج ریاستوں کے لئے جاری کی جبکہ عالمی وباء کی تیسری لہر کے بارے میں اندیشے بڑھ گئے ہیں، جس کا سبب نئے کیسوں میں یکایک اضافہ ہے جس کے لئے اومی کرون ویریئنٹ کو بنیادی وجہ مانا جارہا ہے۔ نیا ویریئنٹ جس نے دنیا بھر میں دوبارہ مختلف نوعیت کی تحدیدات لاگو کرنے پر مجبور کیا ہے، نہایت متعدی بتایا جاتا ہے، حالانکہ اکثر کیسوں میں مرض کی علامتیں زیادہ تشویشناک معلوم نہیں ہوئی ہیں۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ مذکورہ علامتوں سے دوچار تمام افراد کو چاہئے کہ فوری خود کو الگ تھلگ کرلیں اور ہوم آئسولیشن کے رہنمایانہ خطوط کی تعمیل کریں۔ ملک میں بالخصوص بڑے شہروں میں روزانہ کے کورونا انفیکشن میں یکایک اُچھال آیا ہے جس نے حکومتوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ ملک بھر میں آج کئی ہفتوں کے سب سے زیادہ 16,764 کورونا کیس درج ہوئے جبکہ اومی کرون کیسوں کی تعداد 1,200 سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں سب سے زیادہ مہاراشٹرا اور دہلی کے کیس ہیں۔