بارسلونا: یورپی یونین پولیس نے اٹلی کے طاقتور مافیا گروپ درنگیٹاکیخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے جرائم پیشہ گروہ کے 132افراد کو گرفتار کرلیا، پولیس کی جانب سے چھاپہ مار کارروائیاں اٹلی،جرمنی،بلجیم سمیت کئی یورپی ممالک میں کی گئیں، مافیا کا نیٹ ورک جنوبی امریکہ سے یورپ اور آسٹریلیا تک منشیات کی اسمگلنگ کرتا تھا۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار افراد پرمنشیات،ہتھیاروں کی اسمگلنگ،منی لانڈرنگ اور ٹیکس فراڈکے الزامات ہیں، اطالوی مافیا براستہ پاکستان جنوبی امریکہ تک ہتھیاروں کی سپلائی میں بھی ملوث تھا،اس کے علاوہ ہتھیار کوکین کے بدلے برازیل کے جرائم پیشہ گروپ کو دیئے جاتے تھے۔
امریکہ کا آذربائیجان ۔ آرمینیا مذاکرات کا خیر مقدم
واشنگٹن: امریکی وائٹ ہاوس کے مشیر برائے قومی سلامتی جیک سلیوان نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت خوش آئند ہے۔ سلیوان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ آذری وزیر خارجہ جیہون بائراموف اور آرمینی وزیر خارجہ ارارات مرزویان کا وائٹ ہاوس میں خیرمقدم کیا گیا ہے امریکہ، دونوں ملکوں کے مابین مذاکرات میں پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔ امید ہے کہ ایک پائیدار اور منصفانہ معاہدہ دونوں ممالک اور خطہ کے لیے سودمند ہوگا،واضح رہے کہ امریکہ نے آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان مذکرات کی میزبانی کی ہے جس کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے گزشتہ پیر کے روز دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کی تھی۔ بلنکن نے اس موقع پر دونوں ملکوں کے سربراہوں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرتے ہوئے امن مذاکرات کی اہمیت اجاگر کرنے سمیت امریکی حمایت کا بھی یقین دلایا تھا۔