نیویارک:اٹلی کی ایک بندرگاہ پر کام کرنے والے ورکرز نے فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک بحری جہاز پر اسلحے کی کھیپ لادنے سے دوبارہ انکار کر دیا ہے جو اسرائیل بھیجا جا رہا تھا۔ذرائع کے مطابق شمال مشرقی اٹلی کے ریوینا بندرگاہ میں ٹریڈ یونینوں کے ذریعے ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔جب انہیں معلوم ہوا کہ ایک جہاز ایشیاٹک لبرٹی کے بارے میں توقع کی جا رہی ہے کہ اسے اسرائیلی بندرگاہ اسودوڈ کے لیے تیار کردہ ہتھیاروں سے لادنا پڑے گا۔سی جی آئی ایل یونین سے تعلق رکھنے والی مارسیلو سانٹرییلی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ہم اٹلی سے اسرائیل جانے والے ہتھیاروں کی روانگی کو کسی بھی طرح قانونی حیثیت نہیں دینا چاہتے تھے لہٰذا ہم نے اس جہاز کو لوڈ کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہتھیاروں کی سپلائی میں اپنے کام سے انکار کرنا ہمیں مہنگا پڑتا ہے کیونکہ ایسا کرنے سے ہماری تنخواہ کا ایک حصہ کاٹ لیا جاتا ہے مگرعام شہریوں کے قتل میں معاونت کو کسی بھی قسم کی تنخواہ سے جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا ہے۔
