اٹھارہ شادیاں کرنے والا جعلی ڈاکٹر مزید دو شادیاں کرنے سے پہلے گرفتار

   

نئی دہلی : 67 سالہ بیبھو پرکاش سؤن کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ اٹھارہ لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسا کر ان سے شادیاں کر چکا ہے۔ کئی ماہ کی کوششوں کے بعد حکام نے اسے حال ہی میں گرفتار کیا۔بیبھو پرکاش سؤن شادی کے لیے رشتے تلاش کرنے والی ویب سائٹس پر اپنی عمر 51 برس بتایا کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم جعلی دستاؤزات دکھا کر اور بہت زیادہ تنخواہ کا دعویٰ کر کے لڑکیوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا۔ سؤن ایسا جنسی تسکین اور مالی فائدے کے لیے کرتا تھا۔سینیئر پولیس اہلکار سنجیو ستپاٹھی نے بتایا کہ ملزم ان عورتوں کو ہدف بناتا تھا، جو مالی اعتبار سے کامیاب اور خود مختار ہوں اور جن کی عمریں چالیس برس کے قریب ہوں۔ شادی کے کچھ روز بعد وہ بہانے بنا کر ان خواتین سے رقوم اور زیورات حاصل کر لیتا تھا۔ پھر وہ اس جگہ یا شہر سے فرار ہو کر اپنے اگلے ہدف کی تلاش شروع کر دیتا تھا۔ تفتیش کاروں نے اس کے فون کا معائنہ کیا تو پتا چلا کہ اس نے اپنی مختلف بیویوں کے نام ان شہروں یا مقامات کے ناموں سے محفوظ کر رکھے تھے، جہاں اس نے ان سے شادیاں کی تھیں۔ مثال کے طور پر میڈم آسام، میڈم یو پی اور میڈم دہلی۔ بیبھو پرکاش سؤن پورے ہندوستان میں ایسی کارروائیاں کر چکا ہے اور شبہ ہے کہ اس نے اٹھارہ شادیاں کیں۔