اپارٹمنٹ کے احاطہ سے نومولود بچہ دستیاب، والدین غائب

   


سب انسپکٹر پولیس کا جذبۂ انسانی ہمدردی، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کشائی گوڑہ علاقہ میں درد ناک واقعہ پیش آیا جس میں نومولود بچہ کو اس کے ماں باپ نے اپارٹمنٹ کے احاطہ میں چھوڑ کر راہ فرار اختیار کی۔ اس واقعہ کی اطلاع ملنے پر سب انسپکٹر کشائی گوڑہ پولیس اسٹیشن سائی کمار فوری وہاں پہنچ گئے اور بلبلاکر رونے والے نومولود کو اپنی گود میں اٹھاکر بذریعہ ایمبولنس دواخانہ منتقل کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک اپارٹمنٹ میں نومولود بچہ کی موجودگی کی اطلاع پر مقامی عوام نے پولیس کنٹرول روم کو اطلاع دی اور اس سلسلہ میں تفصیلات فراہم ہونے پر وہاں کے سب انسپکٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ اپارٹمنٹ پہنچ گئے۔ وہاں پر موجود نومولود کو فوری طور پر بذریعہ 108 ایمبولینس قریب کے ایک دواخانہ منتقل کیا گیا اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں اس کی طبی جانچ کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے اس نومولود کے ماں باپ کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس ضمن میں پولیس نے ایک مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔ سب انسپکٹر سائی کمار کی اس نومولود کے ساتھ جذبہ انسانی ہمدردی کا ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے کے نتیجہ میں عوام نے ان کی کافی ستائش کی ہے۔ب