25کروڑ کے خرچ سے تعمیر ، انجنیئرنگ کا شاہکار نمونہ:اروند کمار
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) اپل چوراہے پر 25کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے گئے اسکائی واک کو آئندہ ماہ اپریل کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے علاوہ دیگر 6راہداریوںکو مربوط کرنے والے اس اسکائی واک کا معائنہ کرتے ہوئے اسپیشل چیف سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے بتایاکہ آئندہ ماہ کے اواخر تک اس کا افتتاح عمل میںلانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہو ںنے بتایا کہ درگم چیروو پر تعمیر کئے گئے کیبل برج کی طرح یہ اسکائی واک انجنیئرنگ کا شاہکار نمونہ ثابت ہوگا۔ انہو ںنے بتایا کہ 25کروڑ کی لاگت سے تعمیر کئے جانے والے اس اسکائی واک پر جملہ تین اسکیلیٹرس اور 9لفٹ نصب کی جا رہی ہیں ۔ اس اسکائی واک کی خصوصیت یہ ہے کہ پیدل راہرو جو اس اسکائی واک کا استعمال کریں گے ان کے لئے آرام کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ 6راستوں پر گذرنے کی سہولت دی گئی ہے ۔ اپل چوراہے کے اس اسکائی واک کو اپل میٹرو ریل اسٹیشن سے مربوط رکھا گیا ہے جس پر گذرتے ہوئے میٹرو ریل اسٹیشن میں داخل ہوسکتے ہیں اور میٹرو کے مسافرین اس اسکائی واک کے ذریعہ اپنے منزلمقصود کی سمت سفر کرسکتے ہیں۔