اپنی ہیلز کی کیئر کرنا سیکھیں

   

آپ کے Shoe Closet میں بہت سے جوتے یقینا ہوں گے لیکن ان میں سے کتنے ایسے ہیں جو آپ کے دل کے قریب ہیں؟ جنہیں آپ پہن کر اعتماد محسوس کرتی ہیں۔یہ گھس گئے ہیں،رنگت خراب ہو چکی ہے یا ٹوٹ اور پھٹ گئے ہیں،آپ انہیں کیوں نظر انداز کرتی ہیں؟دراصل یہ آپ کیلئے اہم چیزیں ہیں۔ذرا سوچئے کہ جوتے کے بغیر آپ ایک قدم بھی آگے بڑھا سکیں گی؟اس مسئلے پر دورائے نہیں ہو سکتیں کہ لمبی ہیل والی جوتیاں یعنی سینڈلز عموماً ہمیں بہت عزیز ہوتے ہیں۔ اگر آپ ساڑھی زیب تن کرتی ہوں تو ان کی مانگ اور بھی بڑھ جاتی ہے۔نوجوان خواتین ہیلز پہن کر اعتماد اس لئے بھی محسوس کرتی ہیں کہ سرو قد ہو جاتی ہیں۔باوقار دکھائی دیتی ہیں۔ خاص کر جو کو تاہ قامت ہوتی ہیں وہ بھی قدرے اطمینان محسوس کرتی ہیں ذیل میں ہم آپ کو اپنے سینڈلز کی حفاظت کرنے کے کچھ طریقے بتا رہے ہیں،آزما کے دیکھئے۔نئے جوتوں میں مخصوص مہک آتی ہے جو ظاہر ہے کہ دور سے ناگوار محسوس نہیں ہوتی۔ آپ انہیں پلاسٹک کے شاپر سے نکال کر صرف گتے کے ڈبوں میں رکھ لیجئے۔کبھی روزانہ ایک ہی سینڈل نہ پہنئے ۔ آپ کے پاس اگر جوتوں کی کمی ہے تو ان کی تعداد میں اضافہ کرنا ہی بہتر ہو گا وگرنہ ایک ہی جوتا مسلسل استعمال سے دوسرے یا تیسرے مہینے بد وضع،بد رنگ اور خراب ہو جائے گا۔جوتوں کو بھی آرام دینے کی ضرورت ہے اس لئے انہیں بدل بدل کر پہنئے۔لمبے سفر سے لوٹنے کے بعد جوتوں کو صحن یا برآمدے میں 10 منٹ رکھا رہنے دیں۔ اس کے بعد صاف سوتی کپڑے سے ان کی جھاڑ پونچھ کر لیں اور پھر انہیں جوتوں کے ریک میں رکھ دیں۔ گاڑی خود چلانے والی خواتین کبھی ہیل پہن کر ڈرائیونگ نہ کریں تو جوتوں کے حق میں بہتر ہے ورنہ آپ کے جوتوں کی خوب درگت بنے گی ۔ جوتے کے سامنے کے اطراف Clutch استعمال کرتے ہوئے لکیریں پڑ جائیں گی جبکہ باقی سارا جوتا ویسا ہی نیا کا نیا دکھائی دے گا۔ جوتا اتار کر گاڑی چلائیں یا پھر نوکدار جوتوں کے علاوہ کوئی چپل پہن کر گاڑی چلائی جائے تو جوتے متاثر نہیں ہوں گے۔چمڑے کے جوتے زیادہ احتیاط چاہتے ہیں ۔ پہلی احتیاط تو یہ کریں کہ انہیں وقتاً فوقتاً صاف کر لیا کریں۔کبھی پلاسٹک کے شاپر میں نہ رکھیں اور چمڑے کی مخصوص پالش بھی ضرورت محسوس کریں تو ضرور آزما لیں ۔ جوتوں کی گرد صاف کرنے کیلئے Suede Eraser استعمال کیا کریں۔ گیلا کپڑا پھیر کر انہیں صاف نہ کیا کریں۔ اگر جوتوں میں ناگوار حد تک پسینے کی بو بس گئی ہو تو بیکنگ سوڈے کی تھوڑی سی مقدار اندر باہر چھڑک کر کچھ دیر یا رات بھر کیلئے رکھا رہنے دیں بعد ازاں صاف کپڑے سے جوتا صاف کر لیں ۔ بیکنگ پاؤڈر میں یہ خاصیت ہے کہ وہ بو کو جذب کر لیتا ہے۔جن جوتوں پر براؤن، سفید یا سیاہ پالش کرنا ہو پالش کرنے (Polishing) اور چمکانے (Shining) کیلئے علیحدہ برش استعمال کریں۔پالش ہمیشہ کم مقدار میں لگا کر پورے جوتے پر پھیلائیں۔ہلکا سا رگڑنے کے بعد جوتے چمکانے والا برش ضرور استعمال کر لیں۔یہ نیا نہیں تو نئے جیسا ضرور ہو جائے گا۔