اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو مار گرانا بڑی غلطی ‘ ائر فورس سربراہ

,

   

نئی دہلی 4 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ائر فورس کے سربراہ ائر چیف راکیش کمار سنگھ بھدوریہ نے 27 فبروری کو کشمیر میں اپنے ہی ہیلی کاپٹر کو مارگرائے جانے کو ایک بڑی غلطی قرار دیا ہے ۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب پاکستانی اور ہندوستانی افواج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ چل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ دو عہدیداروں کیخلاف تادیبی کارروائی شروع کی جا رہی ہے ۔ ائر چیف مارشل نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈین ائر فورس کی کسی بھی کارروائی کیلئے تیاری بہت اچھی ہے اور اس نے گذشتہ سال ہی سنگ میل عبور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ائر فورس کی بالاکوٹ کارروائی مثالی کارروائی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ائر فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار ہے اور وہ ماضی کے کارناموں پر ہی انحصار نہیں کریگی ۔ بھدوریہ نے تین دن قبل ہی ائر فورس سربراہ کی ذمہ داری سنبھالی ہے ۔ پریس کانفرنس سے قبل ائر فورس سربراہ نے بالاکوٹ حملوں سے متعلق ایک ویڈیو بھی دکھایا ۔ ائر فورس سربراہ نے کہا کہ بالاکوٹ حملوں کے ایک دن بعد پاکستان کا ایک F-16 طیارہ مارگرایا گیا اور ہندوستان کو MiG-21 طیارہ کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔
Mi-17 طیارہ کو مارگرائے جانے کو ایک بڑی غلطی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دو عہدیداروں کو ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ کورٹ آف انکوائری سے رپورٹ مل گئی ہے اور اس کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ زمین سے فضا میں وار کرنے والے ایک میزائیل نے اس ہندوستانی طیارہ کو مار گرایا تھا جس میں سات ہلاکتیں بھی ہوئی تھیں۔