اپوزیشن ، کسانوں میں الجھن پیدا کرنے کوشاں : جگاریڈی

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس پارٹی کے ان الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہ اہل کسانوں کو قرض معافی اسکیم سے محروم کیا جارہا ہے ۔ تلنگانہ کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی جگاریڈی نے کہا کہ کسانوں کے قرض کو معاف کرنے کے وعدہ کو پورا کرنے کانگریس حکومت کی کوشش کے باوجود بی آر ایس قائدین کسانوں میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیر کے ٹی راما راؤ کے ریمارکس کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ تلنگانہ میں ضمنی چناؤ ناگزیر ہے ۔ سنگاریڈی کے سابق رکن اسمبلی جگا ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس اسمبلی انتخابات میں اس کی شکست سے ابھی سنبھل نہیں پائی ہے اور اقتدار کی بھوکی ہے ۔ پی سی سی ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ تعداد میں گھٹ جانے اپوزیشن کا حصہ بن جانا آپ کو برداشت نہیں ہورہا ہے اور اس لیے ضمنی انتخابات کے بارے میں بات کی جارہی ہے ۔ کانگریس کسی بھی چیالنج کا سامنا کرنے تیار ہے کیونکہ عوام کے کاز کے لیے کام کرنا اس کا نصب العین ہے ۔ جب اقتدار میں ہو تو عوام کے مسائل حل کرنا اور اپوزیشن میں ہو تو عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنا پارٹی کا کام ہے ۔۔