اپوزیشن اتحاد انڈیا سے بی جے پی خوفزدہ:نتیش کمار

   

پٹنہ : چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا سے بی جے پی کو خطرہ محسوس ہورہا ہے ۔ممبئی میں انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ، انکلوسیو الائنس (انڈیا) کی تیسری میٹنگ سے قبل، جنتا دل (یونائیٹڈ) کے لیڈر نتیش کمار نے 27 اگست کو کہا کہ بی جے پی لیڈر اپوزیشن کے اتحاد کی وجہ سے خوف زدہ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ممبئی میٹنگ میں کچھ اور سیاسی پارٹیاں بھی شامل ہوں گی۔ نتیش کمار نے پٹنہ میں ایک تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیاسے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس ہفتے کے شروع میں، راشٹریہ جنتا دل کے رہنما اور سابق وزیر اعلی لالو پرساد نے بھی کہا تھا کہ اپوزیشن اتحاد انڈیا اس جمہوریت کو بچائے گا جو اس وقت خطرے میں ہے کیونکہ وزیر اعظم نریندر مودی بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین کو ختم کرنے کی تمام تر کوششیں کر رہے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈیا کا اگلا اجلاس ممبئی میں منعقد ہونے والا ہے جس میں اتحاد سے متعلق کئی اہم فیصلے کئے جانے کی توقع ہے۔