اپوزیشن جماعتوں کے خلاف مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال

   

سی پی آئی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کا الزام، عوام پر بوجھ میں اضافہ کیلئے مرکز ذمہ دار
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت اپنے مخالفین کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس کو ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اپوزیشن جماعتوں کو کمزور کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے تحقیقاتی ایجنسیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔ حیدرآباد میں ملکاجگیری ضلع کی سی پی آئی یونٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سامبا سیوا راؤ نے تلنگانہ میں حالیہ کارروائیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایس شنکر راؤ نے اجلاس کی صدارت کی۔ ریاستی سکریٹری نے کہا کہ مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ذریعہ اپوزیشن جماعتوں اور حکومت کے مخالفین کو ختم کرنے کی سازش ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اس سازش میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تحقیقاتی ادارے مرکزی حکومت کے آلہ کار بن چکے ہیں جو جمہوریت کیلئے اچھی علامت نہیں۔ حکومت سے قربت رکھنے والے کارپوریٹ اداروں کی مدد کی جارہی ہے جبکہ عوام کی بھلائی پر کوئی توجہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں سی بی آئی، ای ڈی اور انکم ٹیکس کے دھاوے نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر قابو پانے میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ عوام پر گزشتہ آٹھ برسوں میں بوجھ میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ دلتوں اور دیگر طبقات کے ساتھ ناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ر