اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا 2 جولائی کو حیدرآباد پہونچیں گے

   

حکمران ٹی آر ایس اور اپوزیشن کانگریس کے عوامی منتخب نمائندوں سے علحدہ علحدہ ملاقات
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ صدارتی امیدوار یشونت سنہا انتخابی مہم کے سلسلہ میں 2 جولائی کو حیدرآباد پہونچ رہے ہیں جہاں وہ حکمران ٹی آر ایس اور اپوزیشن کانگریس کے عوامی منتخب نمائندوں سے علحدہ علحدہ ملاقات کرتے ہوئے انہیں ووٹ دینے کی اپیل کریں گے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ یشونت سنہا صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی سے بھی رابطے میں ہے ۔ یشونت سنہا کی پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر بھی پارلیمنٹ ہاوز دہلی میں موجود تھے ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد انہوں نے یشونت سنہا کو حیدرآباد کا دورہ کرنے کی دعوت تھی ۔ جس کو یشونت سنہا نے قبول کرلیا اور وہ 2 جولائی کو حیدرآباد پہونچ رہے ہیں ۔ ٹی آر ایس پارٹی نے 2 جولائی کو اپنے عوامی منتخب نمائندوں کا ایک لنچ پر اجلاس طلب کیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اپنے عوامی منتخب نمائندوں کا یشونت سنہا سے تعارف کرائیں گے ۔ اس کے بعد یشونت سنہا کانگریس کے عوامی منتخب نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی پارٹی قائدین سے یشونت سنہا کی ملاقات کرانے کے لیے تیاریاں کررہے ہیں ۔ واضح رہے کہ یشونت سنہا کی پرچہ نامزدگی کی تائید میں ریونت ریڈی نے بھی دستخط کیا تھا اور پرچہ نامزدگی داخل کرتے وقت راہول گاندھی بھی موجود تھے ۔۔ ن