اپوزیشن کا عظیم اتحاد ایک سراب : چراغ پاسوان

   

نئی دہلی ۔ 18 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی )قائد چراغ پاسوان نے آج کہاکہ این ڈی اے کی بہار میں تمام حلیف پارٹیاں لوک سبھا انتخابی امیدواروں کا اعلان کرسکتی ہیںاور دیگر اپوزیشن میں بیٹھ سکتی ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ خودساختہ اپوزیشن کا عظیم اتحاد ایک سراب بن گیا ہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جو اُن کی پارٹی کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد نئی دہلی میں منعقد ہوا تھا ، انھوں نے کہاکہ ایل جے پی کو چھ نشستوں پر قانع رہنا چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کے انتقال پر ایل جے پی کو اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ این ڈی اے پارٹیوں بی جے پی ، جے ڈی یو اور ایل جے پی کو اُن نشستوں پر جدوجہد کرنی چاہئے جن کے بارے میں انھوں نے مثبت اشارے حاصل کئے ہیں ۔ پاسوان نے کہاکہ اُنھیں اپنے امیدواروں کا مشترکہ طورپر اعلان کرنا چاہئے ۔ قطعی فہرست اس سلسلے میں ہنوز نامکمل ہے ۔ چراغ پاسوان نے جاموئی لوک سبھا حلقہ سے امیدوار بننے کی توقع ظاہر کی ۔ فی الحال وہی لوک سبھا میں اس حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔