اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی پر ایوان کی کاروائی تین بار ملتوی

   

جے پور: راجستھان اسمبلی میں فون ٹیپنگ معاملے میں آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین اسمبلی کی ہنگامہ آرائی کے سبب اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی نے ایوان کی کاروائی تین مرتبہ ملتوی کردی ۔ وقفۂ صفر شروع ہوتے ہی تحریک التوا مسترد ہونے کے سے ناراض بی جے پی اراکین اسمبلی نے ویل میں آکر نعرے بازی کی ۔ حزب اختلاف کے نائب لیڈر راجیندر راٹھور اور رکن اسمبلی کالی چرن سراف نے تحریک التوا کے ذریعے فون ٹیپنگ کے معاملے کا معاملہ اٹھانے کی کوشش کی۔ لیکن اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر سی پی جوشی نے اسے منظور ی نہیں دی ۔ اس پر ناراض بی جے پی اراکین اسمبلی نے ایوان میں نعرے بازی شروع کردی۔ ڈاکٹر جوشی نے اس پر 12:30 بجے ایوان کی کاروائی آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کردی ۔ اس کے بعد 12.59 پر ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہونے پر بی جے پی اراکین نے ویل میں آ کر ہنگامہ شروع کردیا۔ اس پر جوشی نے ایوان کی کاروائی آدھے گھنٹے کے لئے ملتوی کردی ۔