اپوزیشن کے خلاف چیف منسٹر کی گھٹیا اور بازاری زبان: سمپت کمار

   

Ferty9 Clinic

کانگریس جواب دینا اچھی طرح جانتی ہے
کے سی آر کو چیف منسٹر کے عہدے کا کوئی لحاظ نہیں
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی سمپت کمار نے کانگریس پارٹی کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر کے ریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کو انتباہ دیا کہ وہ کانگریس کے بارے میں اظہار خیال کے موقع پر احتیاط کریں ورنہ کانگریس اُنھیں کی زبان میں جواب دینا جانتی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہاکہ کے سی آر نے پریس کانفرنس کے دوران عوامی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے اپوزیشن پر تنقید کے لیے زیادہ وقت صرف کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ میڈیا کے روبرو ایک ڈرامہ کمپنی کی طرح کے سی آر ایکٹنگ کرتے ہیں۔ وہ چیف منسٹر کے عہدہ کے وقار کو بھول چکے ہیں۔ عہدہ کے مطابق اُنھیں گفتگو کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے عہدہ کے لیے یہ زیب نہیں دیتا کہ وہ اپوزیشن کے خلاف گھٹیا اور بازاری زبان کا استعمال کریں۔ کانگریس پارٹی طویل تاریخ رکھتی ہے اور وہ اُصولوں پر کاربند ہے۔ کانگریس نے کبھی بھی گھٹیا درجہ کی زبان استعمال نہیں کی کیوں کہ یہ اُس کی روایت میں شامل نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس کے سی آر سے زیادہ بڑھ کر زبان کا استعمال کرسکتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کورونا صورتحال سے نمٹنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ میں کورونا ٹسٹ کی تعداد انتہائی کم ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فبروری میں کورونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کردیا تھا لیکن کے سی آر نے توجہ نہیں دی۔ سمپت کمار نے کہاکہ وکلاء کی مدد کے لیے کے سی آر نے جس طرح 25 کروڑ کا اعلان کیا ہے اُسی طرح صحافیوں کی مدد کے لیے بھی اُنھیں آگے آنا چاہئے۔