اپہار سنیما ہال میںپھر آگ لگ گئی

   

نئی دہلی : قومی دارالحکومت کے گرین پارک علاقے میں واقع اپہار سنیما ہال میں اتوار کو آگ لگ گئی۔ یہ وہی سینما ہال ہے جس میں 13 جون 1997 کو زبردست آگ لگی تھی جس میں 59 افراد ہلاک اور 100 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے ، اس سانحے کے بعد اسے بند کر دیا گیا تھا۔دہلی فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کو صبح 4:48 بجے اپہار سنیما ہال میں آگ لگنے کی اطلاع ملی جس کے بعد آگ بجھانے کے لیے پانچ فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے ۔دہلی فائر سروسز کے ڈائریکٹر اتل گرگ نے کہا کہ آگ کے شعلوں نے ہال کی کرسیوں، فرنیچر اور اندر رکھے کباڑ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور انہیں جلاکر خاکستر کردیا۔اس طرح کا واقعہ تقریباً 25 سال قبل بھی اس ہال میں پیش آیا تھا جب ہندی فلم ‘‘بارڈر’ کی نمائش کے دوران آگ لگ گئی تھی۔ حادثے میں 59 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔ دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر ہال مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔