مودی حکومت پر وزیر سیتکا کی تنقید، دیہی روزگار ختم کرنے کا الزام
حیدرآباد ۔ 22۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا نے الزام عائد کیا کہ اڈانی اور امبانی کو مائیننگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے مودی حکومت نے منریگا اسکیم کو منسوخ کردیا ہے ۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سیتکا نے الزام عائد کیا کہ حکومت کے قریبی کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانے کیلئے منریگا کی جگہ نئی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کے عوام کو روزگار سے محروم کرتے ہوئے اڈانی اور امبانی کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ منریگا اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام حذف کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیتکا نے کہا کہ اس فیصلہ کے ذریعہ بی جے پی نے پھر ایک مرتبہ مہاتما گاندھی کا قتل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت نے منریگا اسکیم کے ذریعہ کروڑہا دیہی عوام کو روزگار سے مربوط کیا تھا۔ مودی حکومت نے نئی اسکیم کے ذریعہ ریاستوں پر 40 فیصد کا بوجھ عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منریگا اسکیم کی برقراری کیلئے تمام پنچایتوں میں قرارداد منظور کی جائے گی۔ 27 اور 28 ڈسمبر کو دیہی علاقوں میں احتجاجی ریالیاں منظم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں میں مودی حکومت نے منریگا کے تحت روزگار کے مواقع کم کردیئے تھے ۔ کانگریس حکومت پنچایتوں کو مستحکم کرتے ہوئے دیہی معیشت کے استحکام کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے نو منتخب سرپنچوں اور وارڈ ممبرس کو مشورہ دیا کہ وہ دیہاتوںکی ترقی پر توجہ مرکوز کریں۔ سیتکا نے کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اقتدار سے محرومی کے بعد دو برسوں تک فارم ہاؤز میں قیام کے بعد اچانک عوام کا خیال آیا ہے۔ آبپاشی پراجکٹ کی تباہی کیلئے کے سی آر حکومت ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو جاننا چاہئے کہ عوام آئندہ بھی بی آر ایس کے ساتھ فٹبال جیسا سلوک کرنے کیلئے تیار ہے۔ 1
