کانگریس کے ساتھ مل کر دھرنا، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی شرکت
حیدرآباد۔17۔مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان نے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اڈانی معاملات کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ لوک سبھا میں ناما ناگیشور راؤ کی قیادت میں بی آر ایس ارکان نے اسپیکر کے پوڈیم تک پہنچ کر احتجاج منظم کیا اور جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ کیا۔ بی آر ایس اور دیگر اپوزیشن ارکان کے احتجاج سے ایوان کی کارروائی میں خلل پڑا اور اسپیکر نے کارروائی کو ملتوی کردیا ۔ بعد میں بی آر ایس ارکان میں پارلیمنٹ کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی کے پاس دھرنا منظم کیا۔ ارکان کے ہاتھوں میں پلے گارڈ تھے جن پر عوامی شعبہ کے اداروں کو بچانے کا مطالبہ درج تھا۔ ناگیشور راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت اڈانی کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہذا پارلیمنٹ میں مباحث سے انکار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت جمہوریت کا قتل کر رہی ہے اور ملک کے اہم ترین مسائل پر ایوان میں مباحث کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ وزیراعظم نے آج تک اڈانی معاملہ پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن ارکان مشترکہ طور پر احتجاج کر رہے ہیں۔ راجیہ سبھا میں ڈاکٹر کیشو راؤ کی قیادت میں احتجاج کیا گیا جس نے سنتوش کمار ،وینکٹیش ، کے آر سریش ریڈی ، وی روی چندر اور دوسروں نے حصہ لیا ۔ کانگریس ارکان کے ساتھ ملک کر بی آر ایس ارکان نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں دھرنا منظم کیا ۔ یو پی اے کی صدر نشین سونیا گاندھی ، کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے اور راہول گاندھی احتجاج میں شریک ہوئے۔ر