اڈانی گروپ پر فراڈ کا الزام، ملک میں ہلچل، اربوں ڈالرس کا نقصان

   

نئی دہلی : ایک امریکی کمپنی کی جانب سے ہندوستان کے بزنس ٹائیکون اور کھرب پتی تاجر گوتم اڈانی کی کمپنی پر دھوکہ دہی اور فراڈ کے الزامات کے بعد چند روز میں کمپنی کے حصص میں 48 ارب ڈالرز کی کمی ہو گئی ہے۔ امریکہ کی ایک شارٹ سیلر کمپنی ’ہنڈنبرگ ریسرچ‘ کی رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ اڈانی گروپ کئی عشروں سے اسٹاک ہیرا پھیری اور اکاؤنٹ فراڈ میں ملوث ہیں۔ اس رپورٹ کے بعد اڈانی انٹرپرائزز کے حصص میں بھاری گراوٹ آئی جس کے نتیجے میں اسے 48 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈانی گروپ کی سات لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز میں گرواٹ آئی ہے۔ ان میں اڈانی فرموں کے امریکی بانڈز بھی شامل ہیں۔ اڈانی گروپ نے اس رپورٹ کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔ ہنڈنبرگ ریسرچ نے 24 جنوری کو اپنی رپورٹ جاری کی تھی جس میں اڈانی خاندان کے زیر کنٹرول ان آف شور شیل کمپنیوں کی فہرست دی گئی ہے جو رپورٹ کے مطابق مبینہ طور پر کیریبین ملکوں، ماریشس اور متحدہ ارب امارات سے سرگرم ہیں۔ رپورٹ کے مطابق یہ کمپنیاں کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری میں ملوث ہیں۔ اڈانی گروپ کے حصص میں دو دنوں سے مسلسل گراوٹ کی وجہ سے ممبئی اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو 874 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔ گوتم ایڈانی کو وزیرِ اعظم نریندری مودی کے قریب سمجھا جاتا ہے اور ان کی کمپنی ایڈانی گروپ کا شمار نہ صرف ہندوستان بلکہ ایشیا کی بڑی کارپوریٹ کمپنیوں میں ہوتا ہے اور یہاں دیگر سرمایہ کاروں نے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اڈانی گروپ کے تحت اڈانی انٹر پرائزز، اڈانی پاور اور اڈانی پورٹس اینڈ لاجسٹکس، امبوجا سیمنٹ سمیت دیگر کئی کمپنیاں رجسٹرد ہیں، حال ہی میں اڈانی گروپ نے ہندوستان کے نشریاتی ادارے ‘این ڈی ٹی وی’ کے 65 فی صد حصص خرید لیے تھے۔ یاد رہے کہ ہنڈنبرگ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ اڈانی گروپ کی سات کمپنیوں پر کافی قرض تھا جس کی وجہ سے گروپ کو کافی نقصان ہوا جس نے ان ساتوں کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں کو اصل قدر سے 85 فی صد دور دھکیل دیا۔ امریکہ کے ارب پتی سرمایہ کار بل آکمین کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک ہنڈنبرگ کی رپورٹ انتہائی قابل اعتماد ہے اور گہری تحقیق کے بعد تیار کی گئی ہے۔ اڈانی گروپ کے قانونی سربراہ جتن جالندھ والا نے ایک بیان میں کہا کہ یہ رپورٹ ایک غیر ملکی ادارے کی جانب سے سرمایہ کار برادری کو گمراہ کرنے کے لیے جان بوجھ کر اور لاپروائی کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس رپورٹ کا مقصد اڈانی انٹرپرائزز کے ایف پی او (فالو آن پبلک آفرنگ) کو سبو تاڑ کرنا ہے۔ اس نے ہمارے شیئر ہولڈرز، سرمایہ کاروں اور اڈانی گروپ کو نقصان پہنچایا۔
اس رپورٹ کی وجہ سے بازار میں جو اتھل پتھل مچی وہ باعث تشویش ہے۔ اس سے ہندوستانی شہریوں میں غیر ضروری ناراضگی پیدا ہوئی۔ اڈانی گروپ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ وہ اڈانی گروپ کی کمپنیوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے خلاف ہنڈنبرگ ریسرچ کے خلاف قانونی کارروائی پر غور کر رہا ہے۔ ہنڈنبرگ ریسرچ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ پر قائم ہے۔ اس نے اڈانی گروپ کو چیلنج کیا ہے کہ وہ اگر قانونی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو امریکہ میں کرے اور عدالت میں جو بھی کارروائی ہوگی وہ میرٹ کی بنیاد پر ہو گی۔ اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ 129 صفحات پر مشتمل یہ رپورٹ ٹیکس پناہ گاہ ماریشس سمیت متعدد ملکوں میں دو سال کی تحقیقات اور کوششوں کا نتیجہ ہے۔ اس کے مطابق اگر اڈانی گروپ قانونی کارروائی کرنا چاہتا ہے تو امریکہ میں آئے جہاں ہم کام کر رہے ہیں، اس کا خیرمقدم ہے۔ ہمارے پاس دستاویزات کی ایک طویل فہرست ہے۔